سچا عاشقِ رسول صلى الله عليه واله وسلم

Article by Fatima Rizvia
اس موضوع پر لکھنا میرے لئے سعادت کی بات ہے، عاشقِ مصطفیٰ صلى الله عليه واله وسلم ہونا بڑے نصیب کی بات ہے اور اس عشق میں سچائی ہونا ضروری ہے، لازم و ملزوم ہے مومن جب عشق کی بارگاہ میں قدم رکھتا ہے تو وہ دنیا بھول جاتا ہے پھر عشق ہو بھی اس ہستی سے جس محبوب ہستی کیلئے اللہ نے کائنات کی رونقیں سجا دی ہوں پھر تو اس عشق اور عاشق کی کیا شان ہوگی۔۔! لیکن عشق مصطفیٰ ہر کسی کو عطا بھی نہیں ہوتا، اس کیلئے بھی اللہ رب العزت نے مخصوص دل رکھے ہیں۔
مولانا روم سے کسی نے پوچھا عشق میں اتنی مشکلیں کیوں آتی ہیں تو انہوں نے فرمایا
“تاکہ ہر کمینہ عشق کا دعویٰ نہ کرے”سچا عاشقِ رسول صلى الله عليه واله وسلم وہ ہے جو اپنی جان و مال عزت رسول اللہ صلى الله عليه واله وسلم پر قربان کردے نہ دن دیکھے نہ رات دیکھے بس اپنی محبت میں گم رہے، جب رسول اللہ صلى الله عليه واله وسلم کی بات آئے تو پھر اگر مگر نہ کرے نہ ہی بہانے تراشے بس حضرت حسان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے ایک ہی بات کرے یا رسول اللہ میرے ماں باپ میری اولاد میری عزتیں آپ پر قربان ہیں۔
ہر مسلمان عاشق رسول ہے مگر سب کا طریقہٕ اظہارِ عشق مختلف ہے. یوں تو طریقہٕ اظہار ایک ذاتی و انفرادی فعل ہے جس پر اعتراض مناسب نہیں اور اعتراض کرنے سے جذبے پر ضرب بھی پڑتی ہے نتیجتاً بد گمانیاں اور نفرتیں جنم لیتی ہیں.مگر آئیے ایک مرتبہ تمام تر فرقہ واریت کو ایک جانب چھوڑ کر، کسی بھی طریقے کی تردید و تنقیص سے صرفِ نظر کرکے، محض ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے چند باتوں پر غور کرتے ہیں اور طریقہِ حق کی طرف رسائی کرنے کی کوشش کرتے ہیں.
نبیِ آخر زمان، سرکار دو جہاں، رحمة اللعالمین صلى الله عليه وسلم کی بعثت روئے زمین پر موجود تمام تر خلقت کے لئے ایک ایسی نعمت ہے جس پر بندہٕ خدا جتنا بھی شکر کر لے، حق کی ادائیگی سے پھر بھی قاصر ہی رہے گا..
الله سے محبت کا طریقہ کیا ہے.؟
اب یہ یا تو خود الله کے کلام سے سیکھا جائے گا..تو الله نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا …أطيعوا الله
یا پھر الله کے سب سے مقرب اور محبوب ترین ہستی نبی کریم صلی الله عليه وسلم سے سیکھا جائے گا اور نبی کے افعال اور بہت سے اقوال یعنی احادیث سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ اصل طریقہ الله سے اظہارِ محبت کا الله کے حکم کی اطاعت ہے اور الله کی رضا اور خوشنودی کے لئے کام کرنا ہے..
حبِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم عین ایمان ہے۔ قرآن کریم کی کئی آیات اور متعدد احادیث مبارکہ سے اطاعت و اسوۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت و فضیلت معلوم ہوتی ہے۔ ارشاد ربانی ہے:
“کہہ دو، اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو،اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمھارے گناہوں کو بخشے گا۔ اللہ بخشنے والا رحم فرمانے والا ہے۔( آل عمران)” متعدد حدیثوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ایمان کا لازمی جزو قرار دیا گیاہے۔ بخاری و مسلم کی مشہور حدیث ہے:
“تم میں سے کوئی ایمان میں اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ میری محبت اسکے دل میں اسکے باپ، بیٹے اورتمام انسانوں سے بڑھ کر راسخ نہ ہو جائے”
وہ عرش کا چراغ ہیں،
میں انکے قدموں کی دھول ہوں!!
اے زندگی گواہ رہنا، میں بھی عاشقِ رسول ﷺ ہوں۔
الحمدلله
اللہ ہم سب کو عشقِ مصطفیٰ صلى الله عليه واله وسلم کی دولت سے مالا مال فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین۔۔
تحریر: ( فاطمہ رضویہ)