گیم شو

Article by Sajida Akram
آئیے بات کرتے ہیں ایک گیم شو کے بارے میں۔ جی ہاں! اس وقت تک کے سب سے بڑے گیم شو کے بارے میں
اس وقت تک کا سب سے بڑا گیم شو جو سیارہ زمین پر جاری ہے اور جس گیم شو کو خود خدا چلا رہا ہے۔
اس کی سب سے بڑی خوبی اسکی دوہرا پن ہے، ظاہر میں رہتے ہوئے باطن کے لیول طے کرنے ہوتے ہیں۔ ہر پلئیر ظاہر کا لباس پہن کے باطن میں اترتا ہے، یہ کہنے کو آسان مگر اصل میں نہایت ہی کٹھن چیلنجز سے بھرا ایک پرجوش اور سنسنی خیز گیم شو ہے۔
جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ ہر گیم شو کے کچھ اصول اور ضوابط ہوتے ہیں، جنکی پیروی کیے بغیر جیتنا ممکن نہیں، بالکل اسی طرح اس گیم شو کے بھی کچھ رولز اور ریگولیشنز ہیں۔ جو کہ امیدوار کو بتا دیے گیے ہیں، جیت جانے پر شاندار انعامات بھی بتا دیے گئے ہیں۔
اس گیم کا ایک فیکٹر اسکا لمبا ہونا ہے اس وجہ سے اور اچانک کسی بھی وقت ختم ہو سکنے کی وجہ سے اکثر لوگ اسکے رولز بھول جاتے ہیں اور اپنی مرضی سے کھیلنا شروع کر دیتے ہیں
اس گیم شو میں کچھ گولڈن پاس بھی ہیں جو گڈ لک کی طرح اچانک کسی کو مل سکتے ہیں اور وہ ہارتے ہارتے جیت بھی سکتا ہے۔ اسکے علاوہ اگر کوئی امیدوار مسلسل برا کھیل کھیلتے کھیلتے واقعی احساس کر لے کہ وہ غلط تھا یا اس نے بے ایمانی سے کھیلا ہے تو اسے بھی گولڈن پاس کی طرح کسی بھی لمحے نئے سرے سے آغاز کی اجازت ہے۔
اس گیم شو کا ہر اصول کھلاڑیوں کو پوری تفصیل سے نہ صرف بتایا جا چکا ہے بلکہ ماڈل بھی دکھائے گئے ہیں، مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ اتنے واضح اصول ہونے کے باوجود اکثریت اس کھیل میں ہار رہی ہے، ظاہر کا لباس انہیں اصلی لگنے لگا ہے اور وہ اسی دھوکے میں خوش رہنے لگے ہیں، چیٹنگ اور دھوکے بھی جاری ہیں، اس وجہ سے کچھ پلیئرز کے کوئنز سکور بورڈ پر تیزی سے گر رہے ہیں کچھ کے تو مائنس میں جا رہے ہیں مگر وہ خوش ہیں اور بے خبر ہیں۔
گیم لمبا ہونے کی وجہ سے اور فوری ظاہری نتیجہ نہ ملنے کی وجہ سے وہ لاپرواہی کا شکار ہو رہے ہیں اور کچھ تو ہمت ہی ہار رہے ہیں ۔
کھیل کی اس دورانیے میں رہنمائی کے لیے اللّٰہ نے امیدوار کے اندر ایک گھنٹی کا انتظام کیا ہے، اس گھنٹی کا نام دل رکھا گیا ہے جہاں مسلسل وارننگ بھیجی جاتی ہے، جو اس گھنٹی کو رسپونس کر کے کھیل درست کر لیتا ہے وہ پھر سے گیم جیتنے لگتا ہے، مگر بدقسمتی سے جو اسے رسپونس نہیں کرتے، نظر انداز کرتے ہیں وہ مسلسل اس گیم کو ہارتے چلے جاتے ہیں۔
اسی طرح جو ہمت ہار رہا ہوتا ہے اسے بھی نہ صرف پھر سے توانائی حاصل کرنے بلکہ گیم کے مالک تک سے رابطہ بھی دل سے ہی کروایا جاتا ہے، جی ہاں دل ایک گھنٹی کے ساتھ ساتھ فون کا کام بھی کرتا ہے جس کے ذریعے گیم اونر سے رابطہ بھی ممکنات میں شامل ہے۔
اسکے علاوہ اگر کوئی گھنٹی کی طرف بالکل ہی دھیان نہ دے تو اسے کسی ساتھی پلئیر کی مدد سے بھی آگاہی دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
یہ اپنی طرز کا الگ ہی کھیل ہے، جس میں کبھی کبھی بظاہر ہار جانے والا اصل میں جیت رہا ہوتا ہے، ایمان، اخلاص، سچائی، محبت، خدمت، وفا، ان کے ساتھ ہارا ہوا بھی جیت رہا ہے۔ مگر سیارہ زمین کے امیدوار اسے ہارا ہوا سمجھ رہے ہوتے ہیں۔
جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ یہ ظاہر اور باطن کا کھیل ہے اس میں ظاہر میں رہتے ہوئے باطن کے لیول طے کرنے ہوتے ہیں، باطن کے لیول کچھ پیچیدہ ہونے کی وجہ سے ظاہر میں کبھی کبھی ہارنا پڑتا ہے اور یہی اصل جیت ہوتی ہے۔
یہی اس کھیل کا اصل راز ہے، جو بھی دکھ رہا ہے وہ دھوکا ہے، اس دھوکے کو پہچان کے کھیلنے والا حتمی فاتح اور کامیاب ہے
دل میں بار بار گھنٹی بجائی جا رہی ہے، مگر لوگ ظاہر میں گم ہو گئے ہیں، ظاہر کے دھوکے میں خود کو بھی فریب دے رہے ہیں اور دوسروں کو بھی، نادان دھوکے کو اپنی جیت سمجھ رہے ہیں۔ جھوٹ، مکاری، عیاری، انا، ظلم، سفاکی زور پکڑ رہے ہیں۔
اپنا فرض سمجھتے ہوئے اس تحریر کے زریعے میں اپنے ساتھی پلیئرز کو ایک بار پھر سے یاد دلانا چاہتی ہوں کہ ہم سب ایک گیم شو میں ہیں، جیسا کہ اس گیم میں دوہرا پن ہے، کھیل زمین پر چل رہا ہے مگر رزلٹ دوسری دنیا میں ظاہر ہو رہے ہیں، میں آپ سبکو کامیاب دیکھنا چاہتی ہوں، برائے مہربانی سب اپنا کھیل درست کر لیں
اس نظریہ کے تحت: مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔ ان شاء اللہ عزوجل
اسی طرح اگر آپ بھی مجھے کہیں غلط دیکھیں تو میری اصلاح ضرور کیجیئے گا۔
شکریہ
خدا ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
آمین
تحریر: ساجدہ اکرم