سعد رضوی کے خلاف مذموم کمپین

Article By Ehsan Shahani
نو اپریل کو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہو جانے کے بعد تحریک انصاف نے پارٹی کے مفاد کے لیے ہر قسم کا چورن بیچا، جھوٹ کو سچ بنایا، سچ کو جھوٹ بنایا اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دی۔ پاکستان کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کو کوشش کی۔ جس سیاسی و مذہبی جماعت نے بھی تحریک انصاف کو آئینہ دکھایا تو انتقامی کارروائی کے طور پہ اس جماعت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ گھٹیا کمپین شروع کر دی۔ پی ٹی آئی کی طرف سے اسی طرح کی مذموم کمپین آج کل حافظ سعد حسین رضوی کے خلاف چلائی جا رہی ہے۔
حافظ سعد حسین رضوی کی عمر اٹھائیس سال ہے جو تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران میں سے کم عمر ترین نوجوان ہیں اور تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ ہیں ۔ حافظ سعد حسین رضوی پارٹی کا سربراہ بننے کے چھے ماہ بعد ہی عمران خان کی حکومت کے غضب کا شکار ہوگئے اور اچانک بغیر کسی مقدمے کے پولیس کی طرف سے اغواء کر لیے گئے۔ آپ نے ناموس رسالتﷺ کی خاطر سختیاں و تکالیف برداشت کیں اور آٹھ ماہ تک جیل میں رہے لیکن ناموس رسالتﷺ پر سمجھوتا کرنے سے انکار کر دیا اور کہا مرجاؤں گا لیکن اپنے قائد محترم شیخ الحدیث والتفسیر علامہ مولانا حافظ خادم حسین رضوی کے دیے ہوئے پاک مشن سے غداری نہیں کروں گا۔ سعد حسین رضوی نے حکومت کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اور عمران خان کو منہ کی کھانی پڑی نتیجتاً آپ کو رہا کرنے پر مجبور ہوا ۔
ناموس رسالتﷺ کی خاطر جیل جانا، سختیاں و تکالیف سہنا یہ حافظ سعد حسین رضوی کا پہلا جرم ہے اور اگلے جرائم بھی ملاحظہ فرمائیں۔
۲۰۲۱ء میں بہاولپور چولستان میں شدید قحط سالی کا موسم آیا اور جانوروں کو پانی نہ ملنے کے باعث اموات ہونے لگی، اسی اثناء میں حافظ سعد حسین رضوی متحرک ہوئے اور اپنی جماعت کو بھیجا اور خود بھی ہنگامی دورے کیے اور کئی جگہوں پر پانی کے نلکے لگوائے جہاں آج بھی جاکر ملحقہ علاقوں میں ان انتظامات کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں۔
پھر ۲۰۲۲ء اگست میں ملک بھر میں ایک بدترین سیلاب کی لہر دوڑی اور سینکڑوں انسان موت کے منہ میں چلے گئے، بڑے پیمانے پر تباہیاں پھیلیں اور ایک دفعہ پھر حافظ سعد حسین رضوی نے اپنی جماعت کو متحرک کیا، امدادی کاموں میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ حافظ سعد حسین رضوی نے اپنی مرکزی شوریٰ کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین کی مدد کی اور پورا مہینہ وہ سکون سے نہیں بیٹھے بلکہ پسماندہ ترین علاقوں تک بھی گئے جہاں حکومت بھی نہ پہنچ سکی۔ اسکے علاوہ متاثرہ افراد کے خیموں تک بھی گئے اور انکی داد رسی کی۔ متاثرین کےلیے تحریک لبیک کی طرف سے خشک راشن، پکا ہوا کھانا، پہننے کےلیے گرم کپڑے، خشک دودھ، میٹھا پانی، امدادی خیمے اور نقد رقم تقسیم کی گئی اور اسکے علاوہ میڈیکل کی سہولیات بھی میسر تھیں۔
پوری دنیا میں جہاں کہیں پر بھی رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی ہوئی، فرانس، انڈیا، ہالینڈ، سویڈن و ڈنمارک میں جہاں جہاں گستاخیاں ہوئیں، حافظ سعد حسین رضوی نے پورے پاکستان میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے اور گستاخوں کے خلاف مضبوط آواز اٹھائی۔ اسکے علاوہ پاکستان میں کچھ لوگوں نے نبوت کے جھوٹے دعوی کیے اور قرآن مجید کی توہین کی ، سعد رضوی انکے خلاف بھی ڈٹ کر کھڑے رہے اور شعائر اسلام کی حفاظت کےلیے ہر قسم کی قربانی دی۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی و مذہبی جماعت نے ایسی گستاخانہ کارروائیوں پر فرضی مذمت کے علاوہ کوئی بھی عملی اقدامات نہیں کیے۔
حال ہی میں نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری ہوئی تو تحریک انصاف کے بلوائیوں نے پورے ملک میں آگ لگا دی اور ملکی و عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچایا یہاں تک کہ مساجد کو بھی آگ لگائی گئی , اسکے برعکس علامہ خادم حسین رضوی علیہ الرحمہ 6 ماہ جیل میں رہے, سعد حسین رضوی آٹھ ماہ تک جیل میں رہے لیکن تحریک لبیک کے کارکنان نے کسی قسم کی ملکی و عوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا بلکہ عدالتوں کے زریعے مقدمات کو حل کروایا ۔ حال ہی میں پاکستان بچاؤ لانگ مارچ کیا گیا جو کراچی سے ہوتا ہوا کھاریاں تک پر امن رہا اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ حتیٰ کہ ایک پتا بھی توڑے بغیر پر امن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ دلچسپ بات ہے کہ لانگ مارچ کے مقاصد میں بھی سب سے پہلے ناموس رسالتﷺ کی پہرہ داری تھی اور اسکے بعد عوامی مفاد میں معاہدے ہوئے۔ یہ وہ جرائم ہیں جو حافظ سعد رضوی نے کیے لیکن آج تحریک انصاف کے پراپیگنڈہ میڈیا سیل کے ذریعے انکے کردار پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ کبھی غلط القابات سے نوازتے ہیں، کبھی گالم گلوچ بکتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں سعد رضوی کے والد ٹھیک تھے لیکن سعد رضوی ٹھیک نہیں ہیں حالانکہ سعد رضوی آج بھی اُسی طرح اپنے والد کے مشن کو لے کے چل رہے ہیں اور اپنے نظریے پر ڈٹے ہوئے ہیں, جس طرح علامہ خادم حسین رضوی چل رہے تھے۔
تحریک انصاف اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے کھوکھلی ہوچکی ہے اور عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے۔ اپنے بیانیے کو بچانے کی خاطر تحریک لبیک اور سعد رضوی کے خلاف مذموم کمپین شروع کر دی گئی ہے لیکن اب پاکستانی قوم جاگ چکی ہے اور اس نوجوان قائد کے ساتھ چلنے لگی ہے۔ بہت جلد پاکستان میں نظام مصطفیﷺ نافذ ہوگا اور پاکستان بہت جلد امت مسلمہ کی نمائندگی کرے گا۔
تحریر: احسان شہانی


