وفا کی کہانیاں

وطن سے وفاداری
رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم مکہ مکرمہ سے بڑی محبت کرتے تھے، کیونکہ یہ وہ شہر ہے جس میں آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہوئی، اور اسی شہر میں اللہ کامقدس گھر ہے اور اسی سرزمین پر وحی کا پہلی مرتبہ نزول ہوا۔ اور جب مشرکین نے نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے اصحاب کو بہت زیادہ اذیتیں دینا شروع کیں تو اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو مدینہ کی طرف ہجرت کرنے کا حکم دیا۔
جب آپ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم مکہ سے نکلے تو اس شہر مکہ کی طرف محبت بھری نظروں سے دیکھ رہے تھے اور اسے الوداع کرتے ہوئے کہہ رہے تھے اللہ کی قسم، تم اللہ کی سب زمینوں سے بہترین زمین ہو اور اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ پسندیدہ زمین ہو اور اگر تمہارے بسنے والوں نے مجھے نہ نکالا ہوتا تو میں یہاں سے نہ نکلتا
اور آٹھ سال گزرنے کے بعد، اللہ تعالی نے اپنے نبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے لیے مکہ واپس آنے کا حکم ارشاد فرما دیا درآنحالیکہ آپ مکہ فتح کرتے ہوئے فاتح انداز میں داخل ہوئے، بعد اس کے آپ انتہائی مجبوری سے وہاں سے نکلے تھے۔
اور نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم خوشی خوشی شہر مکہ میں داخل ہوئے، اور آپ نے اس میں بسنے والے سب لوگوں کو معاف کر دیا، باوجود اس کے انھوں نے آپ کے ساتھ کیسا برا برتاؤ کیا تھا۔
اور اپنے وطن سے اسی طرح محبت کی جاتی ہے اور مسلم کی شان یہ ہے کہ وہ اپنے وطن سے محبت کرنے والا ہو اور اس کی خیر اور اس کے ساتھ وفاداری کا حریص ہو۔
نوٹ: یہ چھوٹی سی کتاب عربی سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کی جارہی ہے۔
تالیف : مصطفی احمد علی
مترجم: حافظ محمد ریحان