ویلنٹائن ڈے نہیں حجاب ڈے

Article By Syeda Javeria Attaria
ویلنٹائن! اس دن نا محرم لڑکے اور لڑکیاں آپس میں محبت کے تحائف سرخ پھول ، ویلنٹائن ڈے کارڈ وغیرہ کا آپس میں تبادلہ کرتے ہیں محبت کے اقرار اور اس تعلق کو برقرار رکھنے کے وعدے کرتے ہیں اور قسمیں کھاتے ہیں تو کیا مسلمان کو اس طرح کے تہوار منانا زیب دیتا ہے؟ کیا اسلام ایسے تہواروں کو منانے کی اجازت دیتا ہے؟ ایسے تہوار منانا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے شریعت میں اس کام کو حرام قرار دیا ہے
سب سے پہلے ویلنٹائن ڈے کا تاریخی پس منظر اور اور اس دن ہونے والے خرافات کو بیان کیا جاتا ہے تاکہ مسلمانوں پر واضح ہو کہ اس گناہوں سے بھرپور دن کی حقیقت کیا ہے چنانچہ کہا جاتا ہے کہ ایک پادری جس کا نام ویلنٹائن تھا تیسری صدی عیسوی میں رومی بادشاہ کلاڈیس ثانی کے زیر حکومت رہتا تھا کسی نافرمانی کی بناء پر بادشاہ نے پادری کو جیل میں ڈال دیا پادری اور جیلر کی لڑکی کے مابین عشق ہوگیا حتیٰ کہ لڑکی نے اس عشق میں اپنا مذہب چھوڑ کر پادری کا مذہب “نصرانیت” قبول کر لیا اب لڑکی روزانہ ایک سرخ گلاب لے کر پادری سے ملنے آتی تھی بادشاہ کو جب ان باتوں کا علم ہوا تو اس نے پادری کو پھانسی دینے کا حکم صادر کردیا، جب پادری کو اس بات کا علم ہوا کہ بادشاہ نے اس کی پھانسی کا حکم دے دیا ہے تو اس نے اپنے آخری لمحات اپنی معشوقہ کے ساتھ گزارنے کا ارادہ کیا اور اس نے ایک کارڈ اس لڑکی کیلئے بھیجا جس پر یہ تحریر تھا “مخلص ویلنٹائن ڈے کی طرف سے” آخر کار چودہ فروری کو اس پادری کو پھانسی دے دی گئی اس کے بعد سے ہر چودہ فروری کو یہ نام نہاد محبت کا دن اس پادری کے نام ویلنٹائن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے
بہت سے مسلمانوں میں بھی یہ تہوار رائج ہوتا جا رہا ہے اور بہت سے لوگوں کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا کر رہے ہیں لڑکا، لڑکی ایک دوسرے کو سرخ گلاب دیتے ہیں، تحفے تحائف دیتے ہیں اس دن بے حیائی ہی بے حیائی پھیلی ہوتی ہے جبکہ “اسلام کا دوسرا نام حیاء ہے” اور ویلنٹائن ڈے بے حیائی ہی بے حیائی ہے
وہ لوگ جو ویلنٹائن ڈے دوسروں کی بہن اور بیٹی کے ساتھ منانے کی پلان بناتے ہیں ان کیلئے لمحہ فکریہ ہے! اگر تم کسی کی بہن یا بیٹی کے ساتھ ویلنٹائن ڈے منانے کی ترکیب کر رہے ہو تو یقیناً کوئی دوسرا تمہاری بہن یا بیٹی کے ساتھ ویلنٹائن ڈے منانے کی سوچ رہا ہوگا
انتہائی دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اس دن کو کافروں کی طرح بے حیائی کے ساتھ منانے والے بہت سے مسلمان بھی اللّٰہ عزوجل اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عطا کیے ہوئے پاکیزہ احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کھلم کھلا گناہوں کا ارتکاب کرکے نہ صرف یہ کہ اپنے نامہ اعمال کی سیاہی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ مسلم معاشرے کی پاکیزگی کو بھی ان بےہودگیوں سے ناپاک اور آلودہ کرتے ہیں۔
رب عزوجل سے یہ دعا ہے کہ وہ ہمیں اس دن خوب خوب نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین
تحریر: سیدہ جویریہ عطاریہ